عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی غیرانسانی ہے:محمود خان اچکزئی

جامشورو(ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آئین ایک وعدہ ہے اور اگر اسے توڑا گیا تو رشتے خراب ہوں گے۔جامشورو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی غیرانسانی ہے، حکمرانی میں حصہ اور تمام زبانوں کا احترام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں روایت ہے کہ آنے والے حکمران کو ہار اور جانے والے کو گالیاں دی جاتی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، وسائل پر پہلا حق مقامی بچوں کا ہے، انسان روٹی سے پہلے حقِ حکمرانی مانگتا ہے، ہر ادارے میں آبادی کے تناسب سے حصہ دینا ہوگا۔ ہمیں حقِ حکمرانی میں حصہ اور تمام زبانوں کا احترام چاہیے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خارجہ پالیسی پارلیمنٹ بنائے، اور خطے کی صورتحال پر گول میز کانفرنس بلائی جائے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ بلاول نے تین گھنٹے تقریر کی لیکن سندھ کے شہروں کا حال دیہات سے بھی برا ہے، چھوٹے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ میں ان کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا، زندگی ہمیں یہاں گزارنی ہے تو فیصلے بھی ہمیں ہی کرنے چاہئیں۔