” عوامی تحفظ، معیشت اور رہائش خزاں سیشن کی ترجیحات میں شامل ہیں:سونیا سدھو”

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے خزاں سیشن میں عوامی تحفظ، معیشت کی مضبوطی اور سستے رہائش کے منصوبے ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

گرمیوں میں اپنے حلقے برامپٹن ساؤتھ کے عوام سے مختلف کمیونٹی تقریبات میں ملاقاتوں کے بعد، وہ اب پارلیمنٹ میں واپس آ گئی ہیں تاکہ اپنے ووٹروں کی نمائندگی کر سکیں۔ سونیا سدھو بدستور ہاؤس آف کامنز کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے صحت کی رکن کے طور پر خدمات انجام دیں گی جہاں وہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور دائمی امراض میں مبتلا کینیڈین شہریوں کیلئےمعاونت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

اس ہفتے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے برامپٹن ساؤتھ کے شہریوں کی سب سے بڑی ترجیح عوامی تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا منصوبہ خطرناک مجرمان کو سڑکوں سے دور رکھنے کیلئےاقدامات پر مشتمل ہے، جن میں شامل ہیں.ضمانت اصلاحات کو مزید سخت کرنا،گھروں پر حملوں، بھتہ خوری اور بار بار پرتشدد جرائم کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں میں براہ راست سرمایہ کاری۔

سونیا سدھو نے کہا کہ محفوظ کمیونٹیز کے قیام کیلئےتمام سطحوں کی حکومتوں کو باہمی تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے وزیر اعظم مارک کارنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے بڑے قومی منصوبوں کا بھی خیرمقدم کیا جو کینیڈا کی معیشت کو تقویت دیں گے اور زندگی کو عام شہریوں کیلئے مزید سستا بنائیں گے.

میجر پراجیکٹس آفس – 60 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے ابتدائی پانچ بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں مائع قدرتی گیس، جوہری توانائی، کان کنی اور اہم معدنیات شامل ہیں۔ یہ سرمایہ کاری ہزاروں روزگار پیدا کرے گی اور کینیڈا کی معاشی خودمختاری کو مضبوط بنائیگی۔

بلڈ کینیڈا ہومز – 13 ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کے ساتھ نیا وفاقی ادارہ قائم کیا گیا ہے جو سستے اور غیر منافع بخش مکانات کی تعمیر کو تیز کریگا۔ یہ ادارہ صوبوں، میونسپل اداروں، مقامی (انڈیجینس) کمیونٹیز اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کرے گا تاکہ مکانات کی تعمیر دگنی ہو، تعمیراتی وقت کم ہو اور بے گھری پر قابو پایا جا سکے۔

سونیا سدھو نے کہا”یہ نئے اقدامات برامپٹن کو محفوظ رکھنے، کینیڈا کی معیشت کو مضبوط بنانے اور وہ گھر تعمیر کرنے میں مدد کرینگے جن کی کینیڈین عوام کو ضرورت ہے۔ نئے پارلیمانی سیشن کے آغاز کے ساتھ، میں ہر روز برامپٹن ساؤتھ کے عوام کیلئےخدمات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔”

اپنا تبصرہ لکھیں