غذر (نمائندہ خصوصی)گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے گاؤں ہاتون میں دریا میں ڈوبنے والے ایک شخص کو بچانے کی کوشش کے دوران ایک ہی خاندان کے تین افراد—دو خواتین اور ایک مرد—جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں زندہ بچا لیا گیا۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق افسوسناک واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب عبدالصمد نامی شخص نے دریا میں چھلانگ لگائی۔ اسے بچانے کیلئےخاندان کے ایک اور فرد شاہ حسین نے دریا میں کود کر جان کی بازی لگائی جس کے بعد ان کی بیٹی اور پوتی بھی ان کو بچانے دریا میں کود گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق، عبدالصمد کو بے ہوشی کی حالت میں دریا سے نکال کر طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ شاہ حسین، ان کی بیٹی اور پوتی کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق عبدالصمد کی ذہنی حالت طویل عرصے سے درست نہیں تھی اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے دریا میں خودکشی کی کوشش کی جس پر خاندان کے دیگر افراد نے جان بچانے کی کوشش کی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرچ آپریشن کو فوری اور مکمل طور پر تیز کیا جائے تاکہ لاپتا افراد کی تلاش ممکن ہو سکے۔

