غزہ امن بورڈ، امریکی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت

اسلام آباد(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے انتظامی امور اور تعمیرِ نو کیلئےقائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور غزہ میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنی سربراہی میں غزہ بورڈ آف پیس کے قیام کا اعلان کیا تھا جس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ میں ٹرمپ کے نمائندے اسٹیو وٹکوف، ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا،ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر، سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر سمیت دیگر شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

غزہ میں بورڈ آف پیس کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیرِ نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور فلسطینی اتھارٹی و حکومتی اصلاحات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ کی تشکیل کے لیے اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، جبکہ اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار اس معاملے کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔