پشاور (آئی ایس پی آر)ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج سیاست میں نہیں الجھنا چاہتی، اسے سیاست سے دور رکھا جائے اور غزہ میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
پشاور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغانستان سرحد پار دہشت گردی ختم کرے، ہم افغان طالبان سے سیکیورٹی کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بل بوتے پر امن قائم کریں گے، افغانستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے یا ہمارے حوالے کرے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ افغانستان بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز بن چکا ہے، وہاں مختلف دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جو پڑوسی ممالک میں دہشت گردی پھیلا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی کے ضامن پاک فوج ہیں، افغانستان نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سال 2025 کے دوران ملک بھر میں 62 ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے، جن میں 1,667 دہشت گرد ہلاک اور 206 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا تعلق پوست کی غیرقانونی کاشت سے ہے اور جرائم پیشہ عناصر اس کاروبار میں ملوث ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ غزہ میں امن فوج بھیجنے کے فیصلے کا اختیار حکومت اور پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فالز فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، تاہم پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئےتیار ہے۔

