فرانس نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کردی

فرانس نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایران میں فرانس کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی شہری جو ایران میں مستقل رہائشی ہیں وہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بحالی کے بعد عارضی طور پر وہاں سے نکل جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایرانی میزائل کچھ اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل گرنے کے نتیجے میں فضائی اڈوں کی انتظامی عمارتوں اور جہازوں کی مرمت کی جگہوں کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل حملے میں فضائیہ کے کسی بھی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔

یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اسرائیل پر 190 بیسلٹک میزائل فائر کیے تھے اور اس حوالے سے ایران کے پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ 90 فیصد میزائل نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو امریکا کی مدد سے ناکام بنا دیا، کچھ میزائل زمین پر گرے تاہم ان میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں