فرانس کی خاتون اوّل کو ٹرانس جینڈر قرار دینے والے 10 افراد مجرم قرار

پیرس (غیرملکی خبر ایجنسی)فرانس کی خاتون اوّل بریگِٹ میکرون کو ٹرانس جینڈر قرار دینے والے 10 افراد کو عدالت نے سائبر ہراسمنٹ کا مجرم قرار دے دیا۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق عدالت نے 8 مردوں اور 2 خواتین کو مجرم ٹھہراتے ہوئے ہر ایک کو 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے، جن کی عمریں 41 سے 65 سال کے درمیان ہیں۔

ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ جھوٹا بیانیہ پھیلایا کہ بریگِٹ میکرون دراصل بطور مرد پیدا ہوئیں اور ان کا نام جین مائیکل ٹروگنیس تھا، جبکہ ان پوسٹس کو ہزاروں افراد نے دیکھا۔

رپورٹ کے مطابق بریگِٹ میکرون اکتوبر میں ہونیوالی دو روزہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، تاہم انہوں نے فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے یہ قانونی کارروائی آن لائن ہراسانی کیخلاف مثال قائم کرنے اور واضح پیغام دینے کیلئے شروع کی تھی۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور بریگِٹ میکرون کی شادی 2007 میں ہوئی تھی جبکہ ایمانوئل میکرون 2017 سے فرانس کے صدر ہیں۔