فلم نگری سے پارلیمنٹ تک: بھارتی لوک سبھا انتخابات جیتنے والے اداکار

بھارت کے الیکشن کمیشن نے 4 جون کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے این ڈی اے اتحاد نے 293 نشستوں کے ساتھ اکثریت تو حاصل کرلی لیکن حکمراں اتحاد اپنا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
انتخابات میں کانگریس پارٹی کی قیادت والے انڈیا اتحاد نے 234 نشستیں حاصل کیں۔ان انتخابات میں فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے کئی ستاروں نے بھی حصہ لیا جس میں سے کچھ کامیاب ہو کر پارلیمنٹ پہنچ گئے۔

ہیما مالینی
ہندوستانی سنیما کی ‘ڈریم گرل’ ہیما مالینی نے متھرا حلقے میں تیسری بار کامیابی حاصل کر کے اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔بی جے پی رہنما ہیما کی حلقے کے عوام میں مقبولیت اور محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کی جیت کا فرق 2 لاکھ 93 ہزار 407 ووٹوں کا تھا۔

شتروگھن سنہا
سینئر اداکار شتروگھن سنہا، جو آسن سول لوک سبھا حلقے سے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑے، وہ 59 ہزار 564 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے۔

کنگنا رناوت
کنگنا رناوت نے ہماچل پردیش کے اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ کر سیاسی میدان میں قدم رکھا۔ اپنے سیاسی کیریئر کی شروعات کرتے ہوئے پہلے ہی انتخابات میں کانگریس امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ کو 74 ہزار 755 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔

ارون گوویل
ایک ٹیلی ویژن سیریز کے کردار سے مشہور ارون گوویل نے اتر پردیش کے ضلع میرٹھ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا۔ ابتدائی مشکلات کے باوجود، انہوں نے سماج وادی پارٹی کی امیدوار سنیتا ورما کو 10 ہزار 585 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
علم میں رہے کہ ریاست اتر پردیش سے لوک سبھا کی اکثر نشستیں سماج وادی پارٹی نے جیتیں۔

منوج تیواری
بھوجپوری سپر اسٹار منوج تیواری نے شمال مشرقی دہلی لوک سبھا حلقے میں کانگریس کے امیدوار کنہیا کمار کو ایک لاکھ 37 ہزار 66 ووٹوں کے نمایاں فرق سے شکست دے کر تیسری بار کامیابی حاصل کی۔

روی کشن
اداکار روی کشن نے لوک سبھا انتخابات میں گورکھپور میں ایک لاکھ 3 ہزار 526 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی جو ان کی شاندار کامیابیوں میں ایک اور اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ روی کشن نے بھی بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیابی سمیٹی۔

سریش گوپی
اداکار سریش گوپی نے تو تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب اپنا راستہ ہموار کیا۔ انہوں نے کیرالہ میں بی جے پی کے لیے پہلی نشست جیت کر تاریخ رقم کی۔ سریش گوپی نے سی پی آئی-ایم کے سنیل کمار کو 74 ہزار 686 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔اداکار سے سیاستدان بنے گوپی 2016 سے 2022 تک راجیہ سبھا کے نامزد رکن بھی رہ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں