ممبئی (ایجنسیاں) بالی ووڈ کی کئی یادگار فلموں میں اپنی ورسٹائل اداکاری سے مداحوں کے دل جیتنے والے معروف بھارتی اداکار اچیوت پوتدار 91 برس کی عمر میں چل بسے۔
تفصیلات کے مطابق اچیوت پوتدار نے بھارتی ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ہندی کے علاوہ تامل و تیلگو سمیت دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق اداکار طبی پیچیدگیوں کے باعث ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ انہیں 19 اگست 2025 کو تقریباً ساڑھے چار بجے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ان کے انتقال کی اصل وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
اچیوت پوتدار نے اپنے طویل فنی سفر میں 125 سے زائد فلموں اور متعدد مشہور ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی نمایاں فلموں میں آکروش، اردھ ستیہ، تیزاب، پرندہ، راجو بن گیا جنٹلمین، رنگیلا، واستو، ہم ساتھ ساتھ ہیں، پرینیتا، لگے رہو منا بھائی، دبنگ 2 اور وینٹی لیٹر شامل ہیں۔
ٹیلی وژن پر انہوں نے بھارت ایکس کھوج، شوبھ منگل سوادھان، مسز ٹنڈولکر، پردھان منتری اور اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو جیسے مشہور سیریلز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہیں راج کمار ہیرانی کی 2009 کی بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس میں پروفیسر کے کردار سے غیر معمولی شہرت ملی۔ ان کا ڈائیلاگ “ارے کہنا کیا چاہتے ہو؟” فلم کا یادگار لمحہ بن گیا جو بعد میں سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے پاپ کلچر کا حصہ بھی بنا۔
ان کے اہل خانہ کے مطابق ان کی وفات “تیز مگر پُرامن” تھی۔ بالی ووڈ اور متوازی سنیما میں اچیوت پوتدار کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

