فلوریڈا (ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا وینزویلا کو اس وقت تک چلائیگا جب تک وہاں محفوظ، مناسب اور منصفانہ انتقالِ اقتدار ممکن نہیں ہو جاتا۔ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے کاراکاس کے وسط میں ایک انتہائی محفوظ فوجی قلعے پر کارروائی کرتے ہوئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا کی تیل کی صنعت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا آئیں گی، تیل کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت کرینگی اور ملک کیلئےمنافع کمانا شروع کریں گی۔ ان کے مطابق امریکا اور وینزویلا کی شراکت داری وینزویلا کے عوام کو معاشی طور پر مستحکم، خودمختار اور محفوظ بنائیگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو امریکا حملوں کی دوسری اور زیادہ بڑی لہر شروع کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم وہ نہیں کر سکتی جو امریکا نے حالیہ کارروائی میں کر دکھایا۔
قبل ازیں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نکولس مادورو اس وقت امریکی فوج کی تحویل میں ہیں اور انہیں یو ایس ایس آئیوو جیما کے ذریعے امریکا منتقل کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مادورو کو نیویارک کے اسٹیورٹ ایئرپورٹ پر اتارا جائیگا، جس کے بعد انہیں وفاقی حکام کے حوالے کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو پیر کے روز نیویارک کی فیڈرل کورٹ، سدرن ڈسٹرکٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

