واشنگٹن/تہران ( بین الاقوامی میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی فٹبال ٹیم کیلئے امریکا میں ہونے والے آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت مناسب نہیں ہوگی، تاہم ٹیم کو امریکا آنے کی اجازت ہوگی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران قومی فٹبال ٹیم کا استقبال کیا جائیگا، لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی شرکت مناسب نہیں سمجھی جا سکتی۔ انہوں نے لکھا کہ ایران کی قومی ٹیم کا فیفا ورلڈ کپ 2026 میں خیرمقدم ہے، مگر موجودہ حالات میں ان کی سلامتی کے پیش نظر شرکت مناسب نہیں لگتی۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایرانی حکام پہلے ہی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں۔ایران کی ٹیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کوئی ایک ملک نہیں بلکہ عالمی فٹبال ادارہ کرتا ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ ایک عالمی ایونٹ ہے اور اس کی نگرانی کا اختیار فیفا کے پاس ہے، نہ کہ کسی ایک ملک کے پاس۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر میزبان ملک شریک ٹیموں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے سے قاصر ہو تو اس پر سوال اٹھنا چاہیے۔رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون سے ہوگا جس کی میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر کریں گے۔
ایران کے گروپ مرحلے کے میچ مصر، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے خلاف امریکا میں شیڈول تھے، جن میں سے بعض مقابلے لاس اینجلس اور سیئٹل میں ہونے تھے۔دوسری جانب جیانی انفانتینو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایرانی ٹیم کا امریکا میں خیرمقدم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایسے ایونٹس کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے جو لوگوں کو ایک ساتھ لائیں کیونکہ فٹبال دنیا کو متحد کرتا ہے۔
اگر ایران ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو اس صورت میں فیصلہ فیفا کو کرنا ہوگا کہ اس کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کیا جائے یا گروپ کو تین ٹیموں تک محدود رکھا جائے۔ ٹورنامنٹ کے قواعد کے مطابق اگر کوئی ٹیم دستبردار ہو جائے یا خارج کر دی جائے تو فیفا اپنی صوابدید پر متبادل ٹیم منتخب کر سکتا ہے یا مقابلوں کے فارمیٹ میں تبدیلی کر سکتا ہے۔

