فیصل قریشی کا عیدالاضحیٰ پر قربانی پر سوال اُٹھانے والوں کو دو ٹوک جواب

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی پر سوال اُٹھانے والوں کو دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ آج کل یہ فیشن چل رہا ہے کہ لوگ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی پر بڑے سوال اُٹھاتے نظر آتے ہیں کہ اگر ہم عید پر قربانی نہ کریں اور ان پیسوں سے کسی بچی کی شادی کروا دیں یا پھر کسی غریب کی مدد کر دیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ ہر کام کے کچھ اصول ہوتے ہیں، جب ہم قوم میں یک جہتی پیدا کرنے کے لیے ہر سال 14 اگست کو آزادی کا جشن مناتے ہیں اس وقت تو آپ کو کسی کی بچی کی شادی یاد نہیں آتی اور بہت ساری تقاریب ہوتی ہیں، کسی کو اپنی بچی کی شادی کی تقریب کا انعقاد دھوم دھام سے کرتے ہوئے دوسروں کے دکھ یاد نہیں آتے لیکن جب عیدالاضحیٰ جیسا مذہبی تہوار آتا ہے تو دوسروں کے دکھ یاد آ جاتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی کرنا ہماری اسلامی روایت ہے جسے پورا کرنے کے بارے میں اللّٰہ تعالیٰ کا حکم ہے تو جس چیز کا اللّٰہ تعالی نے حکم دیا ہے اس پر سوال مت اٹھائیں۔

فیصل قریشی نے عید پر قربانی سے متعلق سوال اُٹھانے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ کسی اہلِ علم کے پاس جا کر بیٹھیں اور اس بات کو سمجھیں کہ جانوروں کی قربانی کرنے کا کیا مقصد ہے اور عیدالاضحیٰ کو اسلامی روایت کیوں بنایا گیا ہے، خواہ مخواہ اپنے آپ کو لبرل ظاہر کرنے کے چکر میں اسلام کو بد نام مت کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں