فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سرکاری دورہ چین، دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر زور

بیجنگ( نمائندہ خصوصی )چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری اور علاقائی استحکام کیلئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بیجنگ میں چین کے نائب صدر ہان ژینگ، وزیر خارجہ وانگ ژی، اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو ژیا سمیت متعدد اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی قیادت نے خطے اور دنیا میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تسلسل، اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کیلئےمربوط حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

فیلڈ مارشل کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور آرمی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن سے بھی ملاقات ہوئی۔ PLA ہیڈکوارٹرز میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تاریخی اعتماد کا مظہر تھا۔

ملاقاتوں میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی کی کوششیں، مشترکہ مشقیں، تربیت، دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون، اور ادارہ جاتی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کیلئےآپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی ضامن اور ایک مؤثر قوت قرار دیا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی و عسکری تعلقات، خطے میں امن و استحکام کیلئےمشاورت کی ضرورت، اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں