فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مصر کا سرکاری دورہ، مصری وزیرِ دفاع سے ملاقات

قاہرہ (نمائندہ خصوصی+آئی ایس پی آر+ایجنسیاں) پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مصر کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مصری وزیرِ دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالماجد صقر اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقات کی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
https://www.youtube.com/watch?v=_iqvLIyUr5U
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ “مصر ایک برادر اسلامی ملک ہے، اور پاکستان و مصر کے درمیان تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کیلئےفائدہ مند ہوگا بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔”

وزارتِ دفاع کے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے گمنام سپاہیوں کی یادگار اور سابق مصری صدر محمد انور السادات کی قبر پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جامعہ الازہر کے شیخ اعظم، شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے باہمی کردار پر گفتگو ہوئی۔

شیخ احمد الطیب نے عالمِ اسلام کے اتحاد اور فکری اعتدال کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اسلام کی غلط تشریحات کے خاتمے اور تعلیم، برداشت اور امن کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر کوششیں ناگزیر ہیں۔فیلڈ مارشل کا یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی اور دفاعی تعلقات کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں