قومی سلامتی کو لاحق خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے: سعودی کابینہ

ریاض(ایجنسیاں)شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں قومی سلامتی کو لاحق خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا عزم دہرایا گیا۔ اجلاس میں یمن کی سلامتی، صدارتی کونسل اور قانونی حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے یمنی صوبے حضرموت اور المہرہ میں عرب اتحاد کے اقدامات کو سراہا اور یمن میں کشیدگی روکنے کے لیے عرب اتحاد کے اقدامات کی حمایت کی۔کابینہ نے یمن کی قانونی حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی فوج کے انخلاء کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یو اے ای اس پر عمل درآمد کرے گا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے یمن کی کشیدگی پر ٹیلیفون پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ سعودی اتحاد نے متحدہ عرب امارات کے یمنی بندرگاہ آنے والے اسلحہ بردار جہازوں کے خلاف فضائی کارروائی کی تھی، جس کے بعد یمن نے یو اے ای کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد یو اے ای نے یمن میں اپنے انسداد دہشت گردی یونٹس ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔