قومی کرکٹرز کو نیشنل ڈیوٹی کیلئے بگ بیش اور دیگر لیگ چھوڑنی ہونگی

کراچی (پی سی بی رپورٹس) سری لنکا اور آسٹریلیا کے ساتھ شیڈول ٹی20 سیریز کے باعث قومی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ اور دیگر فرنچائز لیگز چھوڑ کر نیشنل ڈیوٹی پر آنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جن کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے ہیں، انہیں نیشنل ڈیوٹی کیلئےبھی تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ٹی20 سیریز میں اسکواڈ میں منتخب ہونے کی صورت میں کرکٹرز کو اپنی فرنچائز لیگز چھوڑنی ہوں گی۔ بگ بیش لیگ کیلئےاین او سی 14 دسمبر سے 28 جنوری تک جاری کیے گئے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حارث روف، شاداب خان اور حسن علی کو بگ بیش کیلئے این او سی جاری کیے گئے ہیں۔ جبکہ فخر زمان، نسیم شاہ اور حسن نواز کو آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کیلئے4 جنوری تک این او سی جاری کیے گئے ہیں۔

اس دوران پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف 7، 9 اور 11 جنوری کو ٹی20 سیریز کھیلنے گی، جبکہ جنوری کے آخری ہفتے میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔قومی کرکٹرز ٹیم میں منتخب ہونے کی صورت میں سری لنکا سے واپس وطن آئیں گے اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کیلئےدستیاب ہوں گے۔