ملتان (ایکس/سپورٹس ڈیسک) – پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والے مبینہ فراڈ کی فوری تحقیقات کی جائیں۔
صہیب مقصود، جو پاکستان کی جانب سے 29 ون ڈے اور 26 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں، نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر بیان دیا کہ ملتان میں ایک کار شوروم کے مالک نے ان کے ساتھ بڑا فراڈ کیا۔ ان کے مطابق، ایک گاڑی جس کی قیمت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے تھی، مالک نے بغیر کاغذات کے فروخت کر دی، جبکہ اصل کاغذات صہیب کے پاس موجود ہیں۔
مزید برآں، شوروم مالک نے صہیب کو ایک اور گاڑی دی جس کے کاغذات جعلی نکلے اور اس نے 70 لاکھ روپے اضافی بھی وصول کیے۔
صہیب مقصود نے اپنے بیان میں کہا: ’میں حکومتِ پنجاب سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے پر فوری توجہ دی جائے۔ مریم نواز سے گزارش ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل میں میری مدد کریں۔‘ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی ٹیگ کیا اور اعلیٰ حکام سے رابطے کی اپیل کی تاکہ تمام تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا: ’ہمیں ایسے فراڈیوں کو پکڑنا ہوگا جو لوگوں کی محنت کی کمائی سے کھیلتے ہیں۔ اگر ایک قومی کرکٹر ہونے کے باوجود میں بے بس ہوں، تو عام شہریوں کا کیا ہوگا۔ ہمیں سوسائٹی کو فراڈیوں سے بچانا ہوگا۔‘
صہیب مقصود نے بتایا کہ 8 ماہ بعد لاہور میں ایک گھر پر اپنی گاڑی تلاش کی لیکن وہاں موجود شخص نے دعویٰ کیا کہ گاڑی اس نے خریدی ہے، جبکہ کاغذات موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکام ایسے فراڈیوں کیخلاف سخت کارروائی کریں تاکہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو تحفظ ملے اور قانون کی بالادستی قائم ہو۔

