لاس اینجلس(نمائندہ خصوصی) امریکا کے شہر لاس اینجلس میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری ٹرمپ انتظامیہ کے کریک ڈاؤن کے دوسرے روز بھی شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئےآنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ “اگر گورنر اور میئر اپنے فرائض ادا نہیں کر سکتے تو وفاقی حکومت کو مداخلت کرنا ہوگی”۔وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کے مطابق صدر ٹرمپ نے لاس اینجلس میں 2 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے تاکہ صورتحال پر فوری قابو پایا جا سکے۔
ادھر گورنر کیلیفورنیا نے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی مداخلت سے صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ گورنر کے مطابق ریاستی حکام کے پاس حالات کو قابو میں رکھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔یہ صورت حال امریکا میں امیگریشن پالیسی پر جاری تنازعات اور انسانی حقوق کے خدشات کو مزید ہوا دے سکتی ہے۔

