اسلام آباد (نامہ نگار)اسلام آباد، لاہور، مری، پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس پر شہری خوف و ہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان قرار دیا گیا ہے۔
زلزلہ رات 12 بج کر 18 منٹ پر آیا اور اس کے جھٹکے مردان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ تک محسوس کیے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گھروں میں سوئے افراد اچانک بیدار ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔
مزید برآں، رات 12 بج کر 38 منٹ پر 4.6 شدت کا آفٹر شاک بھی ریکارڈ کیا گیا جو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور چترال سمیت کئی شہروں میں محسوس ہوا۔اب تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ اداروں نے صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

