لاہور: (نمائندہ خصوصی) سابق ٹیسٹ امپائر اور معروف کرکٹ آرگنائزر رب نواز سینئر انتقال کر گئے، وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ دوپہر ایک بجےبھاگے شاہ مسجد میں ادا کردی گئی جس میں کرکٹ حلقوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
ایسٹ زون کے صدر بلال مقیت، سیکرٹری حبیب الحسن شاہ، خازن شہباز علی اور دیگر عہدیداروں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے کرکٹ برادری ایک مخلص اور باصلاحیت شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رب نواز سینئر کی شرافت، دیانتداری اور کھیل سے وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
رب نواز 17 اکتوبر 1940ء کو پیدا ہوئے، وہ سابق پاکستانی کرکٹ کھلاڑی اور امپائر تھے اور 1982ء سے 1984ء کے درمیان دو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے تھے۔
کرکٹ برادری نے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرکٹ کے فروغ اور امپائرنگ کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ آئی سی سی ایوارڈ یافتہ کرکٹ آرگنائزر ملک سرور اور لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

