لاہور:معروف اداکار اور کامیڈین آصف اقبال بٹ انتقال کر گئے

لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) معروف اداکار، اسٹیج فنکار اور کامیڈین آصف اقبال بٹ المعروف پھینا جی 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق آصف اقبال بٹ کو دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد اہل خانہ انہیں ہسپتال لے گئے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

آصف اقبال بٹ کا تعلق گوجرانوالہ کے نوشہرہ روڈ سے تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم عطا محمد ہائی اسکول سے حاصل کی، بعد ازاں گورنمنٹ کالج گوجرانوالہ میں زیر تعلیم رہے۔ انہیں معروف فنکار سہیل احمد عزیزی نے ڈراما کے شعبے میں متعارف کرایا۔

آصف اقبال بٹ طویل عرصے تک تھیٹر سے وابستہ رہے اور اپنے مزاحیہ کرداروں، منفرد اداکاری اور برجستہ مکالموں کے باعث شائقین میں مقبول تھے۔ بعد از عشا نماز جنازہ کے بعدان کی تدفین نشتر بلاک کے قبرستان میں‌کردی گئی ہے.

آصف اقبال بٹ کے ایک کلاس فیلو نے بتایاکہ آصف بٹ بڑے ذہین انسان تھے اور دونوں نے گوجرانوالہ میں ساتھ تعلیم حاصل کی۔ ان کے مطابق آصف اقبال بٹ نے بی اے کا امتحان نجی امیدوار کی حیثیت سے لاہور سے پاس کیا، جبکہ تعلیم کے دوران ان کی دوستی مستانہ اور ببو برال مرحوم جیسے فنکاروں سے بھی رہی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آصف اقبال بٹ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئےصبر جمیل کی دعا کی۔