لاہور:پاکستانی کرائم تھرلر فلم “ججی” ایمازون پرائم پر ریلیز

فلم کو پنجاب پولیس کے فلم فیسٹیول میں اوّل قرار دیا گیا تھا،آئی جی پنجاب کی ڈائریکٹر حبیب شہزاد کو مبارکباد

پنجاب پولیس فلم فیسٹیول میں اول آنے والی کرائم تھرل فلم ”ججی” کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم ”ججی” کو ایمازون پرائم کے بینر تلے امریکہ اور برطانیہ میں نمائش کیلئےپیش کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم ”ججی” کی عالمی سطح پر پذیرائی پر ڈائریکٹر حبیب شہزاد کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی کامیابیوں اور کاوشوں کو اجاگر کرنے میں نجی فلم ساز اداروں کی فلمز اور ڈراموں کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرائم موضوعات پر معیاری اور سبق آموز فلموں کی تیاری کے لیے نجی فلم ساز اداروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

پنجاب پولیس نے گزشتہ سال کرائم تھیم پر فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا جس میں نجی فلم ساز اداروں کی تیار کردہ فلموں کا مقابلہ کرایا گیا۔ نجی فلم ساز ادارے بی ایچ ایم فلمز کی تخلیق ”ججی” کو بہترین کہانی اور اداکاری سمیت تمام شعبوں میں اوّل قرار دیا گیا تھا۔پاکستان کے نامور فنکار توقیر ناصر، عثمان پیر زادہ اور سید نور نے پنجاب پولیس فلم فیسٹیول میں ججز کے فرائض سرانجام دیے تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فلم ”ججی” عالمی اور قومی سطح پر بھی متعدد ایوارڈز حاصل کر چکی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ فلم ”ججی” ایک سیریل کلر کے لرزہ خیز قتلوں اور پولیس تفتیش کے ذریعے اس کی گرفتاری کے گرد گھومتی ہے جبکہ فلم میں پولیس تفتیش کے مختلف زاویوں اور دورانِ تفتیش پیش آنے والے حالات کو حقیقت سے قریب تر انداز میں پیش کیا گیا ہے.