پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں پانچ روزہ نیشنل کوچنگ کورس کے کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا۔کورس میں ملک بھر سے پچاس سے زائد کوچز نے شرکت کی تھی۔ کورس کے انسٹرکٹر انٹرنیشنل کوچز ڈیویلپر، ایرک ہوگسن تھے۔ ملک میں والی بال کی ترقی کے لیے یہ کورس ایک خاص اہمیت کا حامل تھا جس میں گوچز کو عالمی معیار کے مطابق ٹریننگ دی گئی۔
کورس میں روزانہ کی بنیاد پر تین سیشن منعقد ہوئے، پہلے سیشن میں شرکاء کو تھیوری لیکچر دیا گیا، جبکہ دوسرے سیشن میں انکو جمنازیم میں پریکٹیکل کرایا گیا۔ تیسرے سیشن میں شرکاء سے انفرادی اور گروپ کی شکل میں کام لیا گیا۔پہلے کورس میں تین جبکہ دوسرے کو رس میں 9 کوچز نے سندھ کی جانب سے حصہ لیاجن میں نعمان الدین خان،لبنیٰ ناز، شہباز باجوہ، نعمیٰ فریدی، شافعہ ارشد، لائبہ نور، سرفراز چنار، تطہیر زہرہ اور دلشاد جمالی شامل تھے، جنہوں نے پورے کورس میں بہت ایکٹیو طریقہ سے شرکت کی۔
سندھ کی جانب سے انسٹرکٹر اور دیگر معززین کو سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔سیکریٹری سندھ والی بال ایسوسی ایشن، شاہد مسعود نے سندھ کی جانب سے بھرپور شرکت کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے کوچز نے محنت اور لگن سے کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کیا، اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ سندھ میں والی بال کے فروغ کے لئے یہ کوچز اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چوہدری محمد یعقوب کی سربراہی میں پاکستان والی بال فیڈریشن مزید اس طرح کے کورسز کا انعقاد کرتی رہے گی۔

