لاہور :آئندہ ملٹی میڈیا ایوارڈز دبئی میں منعقد کئے جائینگے:اے آر گل

لاہور (شوبزڈیسک) شوبز، سماجی اور کاروباری حلقوں میں مقبول 19ویں ملٹی میڈیا ایوارڈز کی پروقار تقریب پنجابی کمپلیکس، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف فلم ساز و ہدایتکار سید نور اور فلم ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہدایتکار مسعود بٹ تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید نور نے کہا کہ مسلسل 18 سال تک ایوارڈز کا انعقاد کرکے چیف آرگنائزر اے آر گل فن و ثقافت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں اور ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی ان کیلئے آکسیجن کا کام کرتی ہے اور ایسی تقریبات ان کی محنت کو سراہنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

چیف آرگنائزر اے آر گل نے کہا کہ ملٹی میڈیا ایوارڈز اب قومی سطح پر بے حد مقبول ہو چکے ہیں، جس کی مثال پشاور، اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد سے آنیوالے مہمانوں کی بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے برس عیدالفطر کے فوراً بعد دبئی (متحدہ عرب امارات) میں ایوارڈز کی تقریب بین الاقوامی سطح پر منعقد کی جائیگی۔

ایوارڈ حاصل کرنے والی نمایاں شخصیات میں سپر اسٹار صائمہ، آفرین پری، گلوکارہ میگھا، فلک اعجاز، اداکارہ نوری خان، غزل شاہ (برکھا کاسمیٹکس)، اصغر چیمہ، التمش بٹ، ہدایتکار شاہد رانا، جاوید رضا، ڈاکٹر اجمل ملک، نعیم وزیر، مکی شاہ گجراتیہ، اصغر محمود چوہدری ایڈووکیٹ، شبانہ عباس، ملک یوسف جمال، تنویر صدیقی، مقبول برفت، اسد رشدی، محمد ارشد رشدی، وحید خان، محمد علی یوسف زئی، حاجی اسلم خان، عبداللہ شاہ بغدادی، ابراہیم کمال (جی ایم پی ٹی وی پشاور)، عمران چوہدری، ڈاکٹر شیخ ارشد مجید اور دیگر شامل تھے۔

تقریب کے میزبان ریاض خان تھے، جب کہ اداکار اصغر چیمہ اور ریما راجہ نے پشتو گانے پر شاندار پرفارمنس دی۔ گلوکارہ میگھا اور عباس جٹ نے اپنی گائیکی سے محفل لوٹ لی۔ اس کے علاوہ مکی شاہ گجراتیہ، تنویر صدیقی، اظہر رنگیلا، فلک ناز، شبانہ عباس، ماہی خان، علمدار بخاری اور مہک سیال کی پرفارمنس کو بھی زبردست داد ملی۔تقریب کے اختتام پر کشف مرشد فاؤنڈیشن کے چیئرمین جاوید قمر اور سیکرٹری شاکر ملک کی جانب سے اے آر گل کی تاجپوشی کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں