لاہور (نمائندہ خصوصی+وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں کھلے مین ہول میں گر کر ماں اور بچی کی ہلاکت کے واقعے کو محض حادثہ نہیں بلکہ جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جان کے ضیاع نے ان کا سر شرمندگی سے جھکا دیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے نااہلی چھپانے کیلئے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور جو افسر ایک کھلے مین ہول کو محفوظ نہیں بنا سکتے انہیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک انصاف نہیں مل جاتا، دو بیٹیوں کے خون کا حساب نہیں لیا جاتا اور ہر ذمہ دار افسر کو سزا نہیں دی جاتی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حادثے کے مقام پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ سیوریج لائن میں پانی کا بہاؤ تیز تھا، خاتون اور ان کی 10 ماہ کی بیٹی رشتہ داروں سے ملنے آئی تھیں اور رکشہ میں سوار ہوتے وقت حادثہ پیش آیا۔واقعے پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ پنجاب میں ہر جان کی قدر کی جائیگی چاہے ملوث افسر کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔

