لاہور: علیمہ خان کا دوسرا بیٹا شیر شاہ بھی گرفتار، شاہ ریز کا 8 روزہ ریمانڈ منظور

لاہور (کورٹ رپورٹر) تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر نے دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے شاہ ریز خان کو 9 مئی 2023 کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

لاہور پولیس نے گزشتہ روز زمان پارک سے گرفتار ملزم شاہ ریز خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ لاہور میں ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجا نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کی جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ بعدازاں عدالت نے پولیس کی ایک ماہ کا ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

واضح رہے کہ علیمہ خان نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ 4 مسلح افراد نے ان کے بیٹے شاہ ریز کو اغوا کرلیا ہے۔ بعدازاں پولیس نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ شاہ ریز کو 9 مئی 2023 کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، علیمہ خان کے وکیل رانا مدثر نے دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق شیر شاہ اپنے بھائی کی پیشی کیلئےانسداد دہشت گردی عدالت آیا تھا اور پیشی سے واپسی پر اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔

“عمران خان کو ضمانت ملی تو میرے بیٹے کو اٹھاکر لے گئے:علیمہ خان”

علیمہ خان نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کل 8 مقدمات میں ضمانت ملی، اس کے جواب میں یہ کل میرے گھر آئے اور بیٹے کو اٹھا کر لے گئے، آج میرے بیٹے کو اے ٹی سی میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہ ریز کا سارا فوکس پاکستان کی نمائندگی کرنے میں ہے یا کاروبار میں، آج تک اسے کسی نے یہاں دیکھا بھی نہیں ہوگا۔ کئی بار ہم نے کہا کہ اگر آپ نے ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، ہم ہر بار عمران خان کی آواز بنیں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے آخری ملاقات میں بھی کہا تھا کہ آپ نے مضبوط رہنا ہے، ظلم کی رات ہے، بالآخر صبح ہو گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں