لاہور (نمائندہ خصوصی، پولیس ذرائع)شالیمار گارڈنز میں سرکاری سرپرستی میں منعقدہ ثقافتی تقریب کے دوران ’قیدی نمبر 804‘ کے عنوان سے گانا گانے پر گلوکار اور قوال فراز خان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فراز خان نے جان بوجھ کر ثقافتی تقریب کو سیاسی رنگ دیا اور حاضرین کو اکسانے کی کوشش کی۔ مذکورہ گانا پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے منسوب سمجھا جاتا ہے۔
درج ایف آئی آر میں شالیمار گارڈنز کے انچارج ضمیر الحسن نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ تقریب والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے موسیقی اور ثقافت کے فروغ کیلئے غیر سیاسی مقصد سے منعقد کی گئی تھی تاہم گلوکار اور اس کے ساتھیوں نے حاضرین کی درخواست پر پی ٹی آئی رہنما سے منسوب گانا گایا۔
مدعی نے کہا کہ ملزم کو یہ ادراک ہونا چاہیے تھا کہ تقریب عوام کیلئے تھی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گانے کے ذریعے امن و امان کے حالات متاثر ہو سکتے تھے، اس لیے فراز خان اور اس کے ساتھیوں کیخلاف قانونی کارروائی ضروری ہے۔

