دوسرے ناک آؤٹ میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر بھی تمام کردیا
لاہور:لاہور قلندر نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسرے ناک آؤٹ میچ میں 95رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل سیزن 10 کے فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل میں لاہور قلندر کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے اتوار کو ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محمد نعیم،راجہ پکسا،کوشل پریرا،عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بناۓ ۔

کوشل پریرا نے دو چھکوں،سات چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے،محمد نعیم نے دو چھکوں سات چوکوں کی مدد سے نصف سینچری سکور کی،راجہ پکسا نے 22 اور عبداللہ شفیق نے 25 رنز بناۓ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ٹائمل ملز نے تین اور سلمان ارشاد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عماد وسیم اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ سلمان آغا 33 اور شاداب خان نے 26 رنز بنا کر مزاحمت کی تاہم باقی ماندہ بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ شاہین آفریدی نے کیرئیر کی یادگار بولنگ کراتے ہوۓ تین رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان مرزا اور رشد حسین نے بھی تین تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

