لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا موجودہ مینجمنٹ پر شدید تنقید

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ وہ موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ بالکل کام نہیں کر سکتے، ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت جھوٹ بولا ہے۔

قومی ٹیم کی آسٹریلیا سے وطن واپسی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد بٹ نے کہا کہ صبح اُٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا کھیلیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو غیر ملکی کوچ کی شدید ضرورت ہے اور کھلاڑیوں پر ان کا مکمل اعتماد ہے۔

عماد بٹ نے بتایا کہ کھلاڑیوں سے کہا گیا کہ باہر کوئی بات نہ کریں ورنہ پابندی لگ جائے گی۔ دیگر کھلاڑیوں نے بھی کہا کہ آسٹریلیا میں سڑکوں پر قیام رہا اور ٹیم کا مورال ختم ہو چکا تھا۔

کپتان نے کہا کہ طاہر زمان اور دیگر افراد کی جانب سے کی گئی باتیں سب بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسپانسر تلاش کرنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کام ہے، نہ کہ کھلاڑیوں کا، اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔عماد بٹ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کو بھی ماننے سے انکار کر دیا۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نور الصباح نے اس موقع پر کہا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل کی بکنگ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کروائی تھی لیکن ہاکی فیڈریشن نے اسے منسوخ کر دیا۔ نورالصباح نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ذمہ دار ہے اور واقعے کی مکمل انکوائری وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجی جائیگی، جنہوں نے بد انتظامی کا نوٹس لے رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کھلاڑیوں کی خوراک اور رہائش ٹھیک نہ ہوئی تو اس کا اثر ان کی پرفارمنس پر پڑتا ہے۔