فاٹا،بہاولپور اور حیدرآباد چار چار پوائنٹس کیساتھ کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں شامل
حتمی فیصلہ پیر کو ہونے والے میچز کے بعد ہوگا
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کوالیفائر کے آٹھویں روز پول بی میں حیدر آباد اور بہاولپور نے کامیابی سمیٹی۔ پول بی میں فاٹا، بہاولپور اور حیدر آباد چار چار پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں آگے۔ پیر کو پول بی کے ہونے والے دونوں میچز سے ایک کوالیفائر ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ ہفتے کے روز پہلے میچ میں حیدر آباد نے فاٹا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ حیدر آباد کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر اکبر خان کی دھواں دھار بیٹنگ، 15 گیندوں پر نصف سنچری بنا ڈالی۔

حیدرآباد کے کپتان شرجیل خان نے 38 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ فاٹا کی جانب سے سراج الدین اور سرور آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں فاٹا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا سکی۔ حیدرآباد کے شہریار بلوچ کی 32 رنز کے عوض تین وکٹیں۔ لیگ سپنر جواد علی نے ایک ہی اوور میں فاٹا کے نصف سنچری بنانے والے محمد نعیم اور خوشدل شاہ کو آئوٹ کیا۔ہفتے کو ہونے والے دوسرے میچ میں بہاولپور نے ڈیرہ مراد جمالی کو صرف چار رنز سے شکست دے دی۔
105 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیرہ مراد جمالی کی 36 رنز پر پانچ وکٹیں گر گئیں، پیسر محمد عزب نے دو اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔کپتان فہد حسین اور محمد شاہد نے 39، 39 رنز کی اننگز کھیل کر ڈیرہ مراد جمالی کو جیت کے قریب کیا۔ بہاولپور کے کپتان عمران رندھاوا نے انیسویں اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔لیفٹ آرم سپنر محمد سدیس نے آخری اوور میں پانچ رنز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے میڈن اوور بھی کروایا اور تین وکٹیں بھی لے اڑے۔ اتوار کو پول اے کے آخری دو میچز کھیلے جائیں گے، کراچی بلوز اور اسلام آباد چار بجے مدمقابل ہوں گے .رات سوا نو بجے آزاد جموں کشمیر کا میچ کوئٹہ ریجن سے ہوگا۔

