لندن(بیورورپورٹ) لندن کے میئر اور ممتاز برطانوی پاکستانی سیاستدان صادق خان کو برطانیہ کے اعلی ترین شہری اعزازات میں سے ایک نائٹ ہڈ (Knighthood) سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں برطانوی معاشرے اور لندن شہر کیلئے ان کی طویل، بے مثال اور مثالی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
صادق خان اب باقاعدہ طور پر “سر صادق خان” کہلائیں گے۔ یہ اعزاز انہیں شاہی اعزازات کی سالانہ فہرست کے تحت دیا گیا، جو برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی منظوری سے جاری کی گئی۔
صادق خان برطانیہ کے پہلے مسلم اور پاکستانی نژاد میئر ہیں، جو 2016 سے لندن کی میئر شپ پر فائز ہیں۔ وہ پہلے بھی متعدد بار اپنی خدمات کے باعث برطانوی اور بین الاقوامی میڈیا میں سراہا جا چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں لندن نے ماحولیاتی تحفظ، ٹرانسپورٹ اصلاحات، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اور نسلی و مذہبی ہم آہنگی جیسے شعبوں میں اہم پیش رفت کی۔
سر صادق خان کی اس کامیابی پر نہ صرف برطانوی شہری بلکہ پوری دنیا میں موجود پاکستانی اور مسلم کمیونٹی فخر کا اظہار کر رہی ہے۔ ان کا یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی نژاد افراد نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں قیادت کے اعلیٰ مناصب پر فائز ہو کر نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد صادق خان نے اپنے بیان میں کہا”یہ میرے لیے نہایت اعزاز کی بات ہے کہ میری زندگی اور خدمات کو نائٹ ہڈ جیسے شاہی اعزاز کے ذریعے سراہا گیا۔ یہ اعزاز ان سب کیلئے جنہوں نے میرے سفر میں میرا ساتھ دیا، خصوصاً میری فیملی، میرے ووٹرز، اور وہ لوگ جو اقلیتوں کی نمائندگی کیلئےکوشاں ہیں۔”
صادق خان کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک متوسط گھرانے سے تھا۔ ان کے والد ایک بس ڈرائیور تھےاور صادق خان نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سیاست میں قدم رکھا۔ وہ ممبر پارلیمنٹ وزیر اور بعدازاں لندن کے میئر منتخب ہوئے۔
یہ اعزاز اس بات کا مظہر ہے کہ خلوص نیت، محنت، اصول پسندی اور کمیونٹی کی خدمت کو عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے، اور پاکستان کے شہری دنیا بھر میں عزت اور وقار کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

