لندن( پی سی بی، پی ایس ایل)تاریخ میں پہلی بار ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی کرکٹرز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے، نئی بڈ شفاف اور اوپن ہوں گی، اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم بنانے جا رہے ہیں اور ہر اسٹیڈیم میں شائقین کیلئےمیوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کیا جائیگااور جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کیا جائیگا۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے دو ٹیموں کی فرنچائز کیلئے بڈز اوپن ہیں اور پاکستان کرکٹ کی ترویج میں پی ایس ایل بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے بہترین تفریح فراہم کر رہی ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا کہ سینئر کھلاڑی ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں، اور پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے۔ کرکٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور پی ایس ایل آپ کے کھیل کو نکھارتی ہے۔
قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری زندگی کا حصہ ہے اور اس نے ان کی زندگی میں اہم موڑ کا کردار ادا کیا۔ہائی کمشنر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد ایک تاریخی کامیابی ہے اور آج کھیل سفارت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے۔

