لندن/غزہ (الجزیرہ، بی بی سی، نمائندہ خصوصی) – برطانیہ کی جانب سے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے کے بعد وسطی لندن میں فلسطینی مشن کو سفارتخانے کا درجہ دے دیا گیا اور اس موقع پر فلسطین کا پرچم بلند کیا گیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب برطانیہ میں فلسطینی مشن کے باہر ہوئی۔ فلسطینی سفیر حسام زملوط نے کہا: “براہِ کرم میرے ساتھ شامل ہو کر فلسطین کا پرچم بلند کریں، جس کے رنگ ہماری قوم کی نمائندگی کرتے ہیں: سیاہ ہمارے سوگ کیلئے سفید ہماری امید کیلئے، سبز ہماری زمین کیلئےاور سرخ ہماری قربانیوں کیلئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پرچم فلسطینی عوام کی آزادی اور انصاف کی طویل جدوجہد کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ان لاکھوں لوگوں کے اعزاز میں بلند کیا جا رہا ہے جو آزادی سے محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: “ہم یہ پرچم اس عہد کے طور پر بلند کرتے ہیں کہ فلسطین زندہ رہے گا، فلسطین ابھرے گا اور فلسطین آزاد ہوگا۔”
“اسرائیل کو انضمام سے باز رہنے کی تنبیہ”
برطانیہ اور جرمنی نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے کے ردعمل میں مغربی کنارے پر مزید قبضہ نہ کیا جائے۔ جرمن حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین کا مزید انضمام ناقابلِ قبول ہوگا۔
برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے بھی کہا کہ انہوں نے اسرائیلی حکام پر واضح کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے جواب میں مغربی کنارے کے انضمام میں توسیع نہ کی جائے۔ بی بی سی کے مطابق یویٹ کوپر نے اقوام متحدہ میں شرکت سے قبل کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ “اسرائیل اور فلسطینیوں دونوں کی سیکیورٹی کا احترام کرنے کا بہترین طریقہ ہے”۔
ادھر اسرائیلی وزراء، بشمول دائیں بازو کے انتہا پسند قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزلیل اسموٹریچ، نے دھمکی دی ہے کہ وہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اسموٹریچ نے اس ماہ کے آغاز میں مغربی کنارے کے 82 فیصد علاقے کے انضمام کی تجویز دی تھی۔
“غزہ میں مزید شہادتیں”
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ آج صبح سے اب تک مزید 29 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں سے 25 کا تعلق غزہ شہر سے ہے۔
24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 61 فلسطینی شہید اور 220 زخمی ہوئے۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر جاری جنگ میں 65 ہزار 344 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 66 ہزار 795 زخمی ہو چکے ہیں۔

