لندن میں فلسطین کے حق میں مظاہرے پر پولیس کا کریک ڈاؤن، 466 گرفتار

لندن (نمائندہ خصوصی+رائٹرز+اے ایف پی) — برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پارلیمنٹ اسکوائر پر فلسطین ایکشن کے حامیوں کے احتجاج کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 466 مظاہرین کو گرفتار کر لیا، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

مظاہرین غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطین ایکشن پر پابندی کے بعد اس تنظیم کی حمایت یا رکنیت جرم ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کے روز پارلیمنٹ اسکوائر میں سینکڑوں افراد نے فلسطین ایکشن کی اپیل پر جمع ہو کر اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر غزہ میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرے کے منتظمین کا دعویٰ ہے کہ احتجاج میں 600 سے 700 افراد شریک ہوئے، تاہم لندن پولیس نے اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ شرکا کی تعداد اس سے کم تھی۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد پر ٹیررازم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں۔

پولیس نے واضح کیا کہ فلسطین ایکشن پر 5 جولائی 2025 سے ٹیررازم ایکٹ کے تحت پابندی عائد ہے، اور اس گروہ کی رکنیت یا حمایت پر 14 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں