لکی مروت میں نجی فیکٹری کی بس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

لکی مروت (نمائندہ خصوصی، پولیس، اسپتال ذرائع)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے نواردہ خیل میں نجی سیمنٹ فیکٹری کے ملازمین کو لے جانے والی بس میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ لکی سٹی کی حدود میں بگوخیل روڈ پر نواردہ خیل کے قریب سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ضلع پولیس کے ترجمان قدرت اللہ نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بس پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔