لیبیا،طرابلس:معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی قتل

لیبیا،طرابلس(رائٹرز، اے پی، العربیہ، لانا ایجنسی، عرب و عالمی میڈیا)لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کوان ہی کے باغ میں گولیاں مارکر قتل کر دیا گیا ہے، قذافی خاندان کے قریبی ذرائع، ان کے مشیر، وکیل اور متعدد عرب و عالمی میڈیا نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔تاہم ان کی ہمشیرہ نے بتایا کہ ایف الاسلام کو الجیریا کی سرحد پر قتل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیف الاسلام قذافی کو لیبیا کے مغربی شہر زنتان میں ان کے گھر پر چار نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا، جنہوں نے حملے سے پہلے سیکیورٹی کیمرے معطل کر دیے تھے اور بعد میں فرار ہو گئے۔

ان کے مشیر عبداللہ عثمان اور وکیل خالد الزیدی نے سوشل میڈیا پر ان کی وفات کی تصدیق کی اور معاملے کی تفتیش شروع ہونے کی بھی اطلاع دی گئی ہے، تاہم ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت یا ان کے محرکات واضح نہیں ہو سکے۔سیف الاسلام قذافی کو طویل عرصے تک اپنے والد کا مستقبل کا جانشین سمجھا جاتا رہا تھا، اور انہوں نے 2021 میں لیبیا کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا تھا، لیکن وہ انتخابات غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیے گئے تھے۔