صارفین کا فون نہ سننے والے ایس ڈی اوز اور ایکسیئنز کے خلاف کارروائی کا آغاز
لاہور : چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ نہ کرنے والے حکام کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کر دی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر آپریشن ڈائریکٹر اعجاز بھٹی اور چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک نے صارفین کے ٹیلی فون نہ سننے اور شکایات کا فوری ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ لیسکو انتظامیہ کی جانب سے 21ایکسیئنز اور 31ایس ڈی اوز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ مذکورہ افسران کے خلاف صارفین کی جانب سے ٹیلی فون نہ سننے کی شکایات موصول ہورہی تھیں، جس کے بعد لیسکو انتظامیہ کی جانب سے انہیں مختلف نمبروں سے ٹیلی فون کیے گئے جوانہوں نے نہ سنے جس کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، لیسکو چیف کی جانب سے تمام افسران سے وضاحت طلب کی گئی ہے، تمام افسران تین روز کے اندر اپنا جواب جمع کروانے کے پابند ہیں، جواب جمع نہ کرانیوالے افسران کو شو کاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ صارفین کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اس معاملے پر کوتاہی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکار وں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے، اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جن ایکسیئنز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ان میں گلشن راوی، کوٹ عبدالمالک، بادامی باغ، راوی روڈ، فیروز والا، شاہ پور، جوہر ٹاؤن، سول لائنز، سمن آباد، رائیونڈ، ٹاؤن شپ، مغل پورہ، میکلوڈ روڈ، شالیمار، کوٹ لکھپت، ڈیفنس، اوکاڑہ سٹی، اوکاڑہ کینٹ، دیپالپور، فاروق آباداور چونیاں کے ایکسیئنز شامل ہیں۔ اسی طرح ساندہ، جیاموسیٰ، قلعہ محمدی، ٹاون شپ، انجینئر ٹاؤن، علی رضا آباد، رائیونڈ، جاتی عمرہ، مانگا منڈی، کینال روڈ، اعوان ٹاؤن، پریم نگر، سید پور، سمن آباد، چوہنگ، شاہ پور، کالج روڈ، بلال کالونی، محمود بوٹی، انگوری باغ، انارکلی، ڈی ایچ اے ویسٹ، حمزہ ٹاؤن، صوفیا آباد، نشتر کالونی، کیولری گراؤنڈ، صدر/کینٹ، ضرار شہید روڈ، الفلاح ٹاؤن، بیدیاں روڈ اور ایئرپورٹ روڈ سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

