مائیکروسافٹ کا بھارت میں 17.5 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کا اعلان

نئی دہلی( اے ایف پی)عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھارت میں مصنوعی ذہانت (AI) انفرااسٹرکچر کی تعمیر کیلئے17.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا، جو ایشیا میں کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

کمپنی کے سی ای او ستیا نڈیلا کے مطابق یہ سرمایہ کاری بھارت کے اے آئی فرسٹ مستقبل کے لیے درکار انفرااسٹرکچر، مہارتیں اور خودمختار صلاحیتیں تعمیر کرنے کے لیے چار سالوں میں کی جائے گی۔ یہ منصوبہ حیدرآباد میں قائم ہونے والے ‘انڈیا ساؤتھ سنٹرل کلاؤڈ ریجن’ کے گرد مرکوز ہوگا، جو 2026 کے وسط تک فعال ہوگا اور بھارت میں AI کے استعمال کو ممکن بنائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نوجوان نسل اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اختراع کرے گی اور مصنوعی ذہانت کی طاقت کو بہتر دنیا کے لیے استعمال کرے گی۔

مائیکروسافٹ نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری بھارت کو ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر سے AI پبلک انفراسٹرکچر کے دور میں لے جانے میں مدد کرے گی اور محفوظ، خودمختار-تیار ہائپر اسکیل انفرااسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔