مائیکل جیکسن کی زندگی پر بنی فلم ’مائیکل‘ کا پہلا ٹریلر جاری

لاس اینجلس(نمائندہ خصوصی) پاپ کے بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی ہالی وُڈ فلم ’مائیکل‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے شائقین میں جوش و تجسس پیدا کر دیا ہے۔ٹریلر دیکھنے کے بعد مداحوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ فلم مائیکل جیکسن کے فنی سفر اور زندگی کے اہم پہلوؤں کو شاندار انداز میں پیش کرے گی۔

فلم ’مائیکل‘ میں گلوکار کی پوری زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے، ان کے موسیقی کے کیریئر، فنکارانہ جدوجہد اور شہرت کے سفر کو پردۂ اسکرین پر لایا گیا ہے۔ تاہم فلم میں مائیکل جیکسن پر لگنے والے تنازعات یا الزامات کو شامل نہیں کیا گیا۔فلم میں مائیکل جیکسن کا مرکزی کردار ان کے بھتیجے جیفر جیکسن نے ادا کیا ہے، جو اپنی پہلی بڑی فلم کے ذریعے اس کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

ٹریلر میں جیفر جیکسن کو مائیکل جیکسن کے انداز میں چلتے، بات کرتے، گاتے اور مون واک کرتے دکھایا گیا ہے۔ شائقین نے ان کی کارکردگی کو سراہا، تاہم بعض نے مشورہ دیا کہ میک اپ اور چہرے کی مماثلت پر مزید محنت کی جا سکتی تھی تاکہ وہ آنجہانی گلوکار کے مزید قریب لگیں۔

ٹریلر میں نوجوان مائیکل جیکسن کو ایک پروڈیوسر کے کہنے پر گانا گاتے اور رقص کرتے دکھایا گیا ہے، جس سے فلم کی موسیقی اور جذباتی مناظر کی جھلک ملتی ہے۔

اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فلم جیکسن فیملی کی سرکاری منظوری سے بنائی جا رہی ہے یا نہیں، تاہم قرائن بتاتے ہیں کہ خاندان کی رضامندی شامل ہے، کیونکہ ٹریلر میں مائیکل جیکسن کو دنیا کے عظیم فنکار کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور ان کے تنازعات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے۔

فلم ’مائیکل‘ کی ہدایات معروف فلم ساز انٹوائن فوکوا نے دی ہیں، اور اسے اپریل 2026 میں عالمی سطح پر ریلیز کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں