مالاکنڈ(نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی اور 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
درگئی تحصیل کے علاقے مہردے میں آج پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ خان کے مطابق، کارروائی کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے، دو زخمی ہوئے، جبکہ آٹھ دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ یہ گروہ مقامی سطح پر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہا ہے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، تاہم مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

