لاہور (شوبز ڈیسک)ماضی کی مقبول گلوکارہ طاہرہ سید نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہیں کی، تاہم ان کے نزدیک محبت ایک آنی جانی کیفیت ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں طاہرہ سید نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اور معروف اینکر و وکیل نعیم بخاری کی ملاقات دفتر میں ہوئی جو جلد ہی محبت میں بدل گئی۔ نعیم بخاری نے ان کی والدہ سے بھی اچھے تعلقات قائم کیے، جس کی بنیاد پر شادی آسانی سے ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سید گھرانے کی روایات کے مطابق شادی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئی۔ شادی کئی سال چلی لیکن بعدازاں دونوں نے باہمی رضامندی سے خوشگوار انداز میں علیحدگی اختیار کرلی۔
طاہرہ سید نے بتایا کہ طلاق کے وقت ان کی بیٹی کی عمر 12 برس جبکہ بیٹا ساڑھے تین برس کا تھا۔ ان کے مطابق بچوں پر والدین کی علیحدگی کا کوئی منفی اثر نہیں پڑا کیونکہ نعیم بخاری بچوں کے ساتھ وقت کم گزارتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی پرورش کی ذمہ داری ہمیشہ والدہ پر ہی آتی ہے اور تنہا اس ذمہ داری کو بہتر طریقے سے نبھایا۔ آج ان کے دونوں بچے شادی شدہ اور بیرونِ ملک مقیم ہیں جبکہ وہ نانی اور دادی بھی بن چکی ہیں۔
گلوکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے دوسری شادی کا کبھی ارادہ نہیں کیا، تاہم ان کے مطابق محبت ایک آنی جانی چیز ہے۔طاہرہ سید کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے فیصلے اپنی مرضی سے کیے اور اپنے بچوں کو بہتر تربیت و پرورش فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔

