شارجہ (اسپورٹس ڈیسک/خبر رساں ادارے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں اپنا بیٹ توڑ دیا، جس کی وجہ ان کی مسلسل ناکامی بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ میں جاری سہ فریقی ٹی20 سیریز (پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات) کے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 31 رنز سے شکست دی۔ تاہم محمد حارث صرف دوسری گیند پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے غصے میں اپنا بیٹ زمین پر مارا جس سے وہ ٹوٹ گیا۔ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق نوجوان بلے باز کی یہ ردعمل ان کی مسلسل ناکامیوں کا نتیجہ ہے۔ محمد حارث نے یکم جون 2025 کو لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف 46 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، لیکن اس کے بعد وہ آٹھ لگاتار اننگز میں نمایاں کارکردگی پیش نہ کرسکے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ آٹھ اننگز میں ان کا سب سے بڑا اسکور 15 رنز رہا۔ دورہ بنگلہ دیش میں وہ 4، 0 اور 5 رنز بنا سکے، دورہ ویسٹ انڈیز میں 6 ناٹ آؤٹ، 4 اور 2 رنز پر آؤٹ ہوئے، سہ فریقی سیریز میں افغانستان کے خلاف 15 رنز اسکور کیے جبکہ یو اے ای کے خلاف محض ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔
ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مستقل بیٹنگ پوزیشن نہ ملنے کو بھی ان کی کارکردگی پر اثرانداز ہونے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

