محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی نئی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو نئے کپتان کے طور پر مقرر کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق، بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اب 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔

شاہین شاہ آفریدی کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔

25 سالہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اب تک پاکستان کی جانب سے 66 ون ڈے اور 92 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ 32 ٹیسٹ میچز میں ان کے نام 120 وکٹیں درج ہیں۔ شاہین اس سے قبل 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی برطرفی کی وجہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ان کے اختلافات تھے، خاص طور پر اسکواڈ سلیکشن پر مزید اختیارات حاصل کرنے کے حوالے سے۔ مائیک ہیسن نے رضوان کو ہٹانے کی سفارش پی سی بی کو کی، جس پر سلیکشن کمیٹی نے اتفاق کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

محمد رضوان نے گزشتہ برس آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کو فتوحات دلائیں، تاہم رواں برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی، جس کے بعد پاکستان کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد رضوان نے آخری بار اگست 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، جہاں کیریبین ٹیم نے 1991 کے بعد پہلی بار پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی۔ اس دوران محمد رضوان کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے بھی ہٹا کر سلمان علی آغا کو نیا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں