مِسی ساگا (نمائندہ خصوصی) میئر آف مِسی ساگا، کیرولین پیریش نے مرزا نسیم بیگ کو ان کی غیر معمولی سماجی خدمات، رضاکارانہ سرگرمیوں اور کمیونٹی قیادت کے اعتراف میں خصوصی اعزاز پیش کیا۔ یہ اعزاز میئر کے دفتر کی جانب سے 2025 کے Seniors’ Recognition Event کے موقع پر دیا گیا۔
مرزا نسیم بیگ کو کینیڈا میں کمیونٹی سروس، اتحاد، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر سراہا گیا۔ انہیں King Charles III Coronation Medal 2025 سے بھی نوازا گیا ہے۔

میئر کیرولین پیریش کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری سند میں کہا گیا ہے کہ مرزا نسیم بیگ نے اپنی انتھک رضاکارانہ خدمات، پل تعمیر کرنے کی صلاحیت اور قائدانہ کردار کے ذریعے زیادہ مضبوط اور جامع کمیونٹیز کی تعمیر کیلئے خود کو وقف کیا۔
” اُن کا کام کینیڈین اقدار — ہمدردی، شہری ذمہ داری، اور تنوع میں اتحاد — کی بہترین مثال ہے”
اعزاز نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ مرزا نسیم بیگ کی خدمات گہرے اور دیرپا اثرات کی حامل ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کے موقع پر قومی اعزاز Coronation Medal سے بھی نوازا گیا، جو اُن کینیڈین شہریوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک اور قوم کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔

ان کی قیادت میں احمدیہ مسلم کمیونٹی مسی ساگا نے Trillium Health Partners کیلئےفنڈز اکٹھے کیے، پارک صفائی مہمات منظم کیں، اور Mississauga Food Bank کیلئے فعال کردار ادا کیا۔ اسی دوران مرزا نسیم بیگ نے Canada-Pakistan Friendship Association کے ذریعے بین الثقافتی تفہیم اور کمیونٹی تعاون کو فروغ دیا۔
میئر کیرولین پیریش اور کونسلر وارڈ 7 نے اپنے دستخطوں کے ساتھ یہ اعتراف کیا کہ مرزا نسیم بیگ نے مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو یکجا کر کے کینیڈا اور مِسی ساگا کے کثیرالثقافتی ڈھانچے کو مضبوط بنایا ہے۔
میئر آف مِسی ساگا اور سٹی کونسل نے مرزا نسیم بیگ کو ان کی شاندار سماجی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیونٹی کیلئے باعثِ فخر شخصیت ہیں، جن کی کوششیں کینیڈا کے امن، ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کی حقیقی نمائندگی کرتی ہیں۔

