لاہور(نمائندگان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوتِ ولیمہ کی تقریب شریف فارمز، جاتی امرا رائے ونڈ میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

ولیمہ میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ دلہا جنید صفدر اپنی دلہن شانزے علی روحیل کے ہمراہ تقریب میں پہنچے، جنید صفدر نے سفید شلوار اور گرے رنگ کی شیروانی جبکہ دلہن نے گلابی عروسی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ پنڈال کو بھی دلہن کے لباس کی مناسبت سے گلابی پھولوں سے سجایا گیا تھا اور تقریب کے دوران سازندوں نے دلکش دھنیں پیش کیں۔

نواز شریف، مریم نواز اور جنید صفدر مہمانوں کا استقبال کرتے رہے۔ ولیمہ کا دعوت نامہ نواز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، جبکہ تقریب میں تقریباً 700 مہمان مدعو تھے۔ مریم نواز سمیت وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، سعد رفیق، ملک محمد احمد خان اور مریم اورنگزیب شامل تھیں۔

