کوئٹہ(نامہ نگار+ ڈان نیوز+ایکسپریس نیوز )— بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے اسپیزنٹ میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔
محکمہ صحت بلوچستان اور سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق زخمی ہونے والے تین افراد کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر جبکہ ایک زخمی بچے کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریلوے کوئٹہ ڈویژن کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد کاشف نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد ریلوے ٹریک کے ساتھ نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ٹرین میں اس وقت تقریباً 270 مسافر سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف ٹرین کوئٹہ سے روانہ کر دی گئی ہے جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے ریسکیو ٹیمیں، آفیسرز اور پرائیویٹ کرینیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مرمت اور بوگیوں کو ہٹانے کا کام دن کی روشنی میں شروع کیا جائیگا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ برسوں میں بلوچستان میں ریلوے ٹریکس اور ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کو شدت پسندوں کی جانب سے بارہا نشانہ بنایا گیا ہے۔

