اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کیلئے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو بھجوا دی ہے۔
وزیرِ اعظم نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور گورنر سندھ تعیناتی پر انہیں مبارک باد دی، ملاقات میں رانا ثناء اللّٰہ، اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور اس وقت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ہیں، جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔
نہال ہاشمی 1997ء سے 1999ء تک وزیرِ اعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے، 2012ء میں کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر، اگست 2014ء میں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کے جنرل سیکریٹری اور 2015ء میں پنجاب سے سینیٹ کے امیدوار منتخب ہوئے۔ 2017ء میں پاناما کیس سے متعلق متنازع بیان پر انہیں مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا لیکن 2021ء میں رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔

