مسّی ساگا ( بابا عرفان ملک سے)کینیڈا کے سب سے بڑے ثقافتی میلوں میں سے ایک “موزیک دی فیسٹیول 2025” کا پہلا دن انتہائی جوش و خروش اور والہانہ انداز میں منایا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا آغاز ایک دستاویزی فلم کی نمائش سے ہوا جس میں گزشتہ 20 برسوں پر محیط موزیک فیسٹیول اور روٹری تھیٹر کمپلیکس (RTC) کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

فیسٹیول کا افتتاح ڈیوڈ آر میرکل کی جانب سے روایتی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا جس سے تقریب کا آغاز روحانی اور ثقافتی طور پر بامعنی انداز میں ہوا۔ اس کے بعد سامپردایا ڈانس کریئیشنز نے کلاسیکی رقص کی دلکش پیشکش سے حاضرین کے دل جیت لئے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض معروف میزبان علی کاظمی اور مہمان میزبان نتن آر میرانی نے سرانجام دئیے جنہوں نے حاضرین کو جوش میں رکھا۔ “شبھ ہیلپنگ ہینڈز سینئرز کلب” کے بزرگوں نے توانائی سے بھرپور ڈانس پرفارمنس پیش کر کے یہ ثابت کر دیا کہ عمر محض ایک عدد ہے۔

مشہور “میکال حسن بینڈ” اور قوال شہزاد علی خان نے مشرق و مغرب کی موسیقی کو ایک دلکش امتزاج کے ساتھ پیش کیا، جب کہ عالمی شہرت یافتہ “اپاچی انڈین” نے اپنی پرفارمنس سے سٹیج کو گرما دیا۔ “جادو انٹرٹینمنٹ ڈانس” کی جانب سے رنگ برنگے ملبوسات، دھنوں اور بالی وڈ اسٹائل رقص نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
ہزاروں افراد نے فیسٹیول میں شرکت کر کے موسیقی، کھانوں، رقص، ثقافت اور کمیونٹی کے جشن میں بھرپور حصہ لیا۔ یہ فیسٹیول کینیڈا میں تنوع، اتحاد اور خوشی کی بہترین مثال بن کر سامنے آیا۔
فیسٹیول کے شاندار انتظامات پر “آغا جی ارشد محمود”، “اسماء محمود” اور “موزیک بورڈ” کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی قیادت اور جذبے سے یہ ثقافتی مشعل مسلسل روشن ہے۔

