مسی ساگا:پارک کی ٹریل پاکستانی نژاد ہارون خان کے نام پر منسوب کرنے کی تجویز

مسی ساگا (نامہ نگار) مسی ساگا سٹی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں مقامی شہری اور ممتاز سماجی رہنما ہارون خان کی دہائیوں پر محیط رضاکارانہ و انسانی خدمات کے اعتراف میں ٹلزڈاؤن پارک کی ایک ٹریل کو اُن کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ قرارداد وارڈ 11 کے کونسلر بریڈ بَٹ کی جانب سے 5 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ہارون خان نے مقامی و بین الاقوامی سطح پر چار دہائیوں سے انسانی خدمت کے کاموں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے بنگلہ دیش، بوسنیا، صومالیہ اور پاکستان میں آفات زدہ افراد کیلئے فنڈ ریزنگ شامل ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں مستحق بچوں کیلئے اسکول بھی چلا رہے ہیں۔ہارون خان مسی ساگا کی جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے سرگرم رکن ہیں اور انہوں نے پیل ملٹی کلچرل کونسل، ساؤتھ ایشین فیملی سپورٹ سروسز، میمن ایسوسی ایشن آف کینیڈا اور ایوانِ نو جیسے اداروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

انہوں نے ساؤتھ ایشین کینیڈا ڈے اور پولیس، فائر اور ملٹری ریکروٹمنٹ سیشنز کے انعقاد میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔قرارداد میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ ہارون خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے جن میں 125ویں کینیڈین فیڈریشن سالگرہ کی یادگاری شیلڈ، اونٹاریو وولنٹیئر سروس ایوارڈ (1999)، اور سابق میئر ہیزل مک کالین کی جانب سے سول ایوارڈ آف ریکگنیشن (1996) شامل ہیں۔

اگر قرارداد منظور ہو گئی تو 1620 سر مونٹیز ڈرائیو پر واقع ٹلزڈاؤن پارک کی موجودہ بے نام ٹریل کو “ہارون خان ٹریل” کا نام دیا جائیگا اور وہاں اس حوالے سے سائن بورڈ نصب کیا جائے گا۔یہ اقدام نہ صرف ایک شہری کی خدمتِ انسانیت کا اعتراف ہے بلکہ مسی ساگا میں مقیم جنوبی ایشیائی برادری کیلئےفخر کا باعث بھی ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں