مسی ساگا کے ممتاز وکیل اسٹیفن بِس کے انتقال پراقراخالدکا خراجِ عقیدت

اوٹاوا: (کینیڈین پارلیمنٹ/نمائندہ خصوصی) مسی ساگاایرن ملز سے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد نے ہاؤس آف کامنز میں ایک بیان کے ذریعے مسی ساگاکمیونٹی کی نمایاں شخصیت، ریٹائرڈ کریمنل ڈیفنس وکیل اسٹیفن رائن بِس کے انتقال پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اقرا خالد نے کہا کہ اسٹیفن بِس مسی ساگا کمیونٹی کا مضبوط ستون تھے۔ وہ اپنی اہلیہ کیرن کیلئےایک وفادار شوہر تھے، جن کے ساتھ انہوں نے 49 برس گزارے، دو بیٹیوں رینی اور مشیل کے محبت کرنے والے والد اور چار پوتوں کے شفیق دادا تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیفن بِس نے 43 برس سے زائد عرصے تک کریمنل ڈیفنس وکیل کے طور پر خدمات انجام دیں اور انصاف کے لیے غیر متزلزل وابستگی کے باعث جانے جاتے تھے۔ وہ قانونی شعبے میں نوجوان وکلا کی رہنمائی کرنے والے ایک مؤثر استاد بھی تھے۔

اقرا خالد کے مطابق اسٹیفن بِس صحتِ عامہ کے نظام، ماحول کے تحفظ اور سماجی فلاح کے سرگرم حامی تھے، جبکہ سینٹ اگنیشس لویولا چرچ میں بھی وہ بھرپور کردار ادا کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ اور سماجی خدمات کے علاوہ اسٹیفن بِس مختلف دلچسپیوں کے حامل انسان تھے، جن میں کشتی رانی، کینوئنگ اور سائنس فکشن سیریز اسٹار ٹریک سے خصوصی لگاؤ شامل تھا۔ وہ جہاں بھی جاتے، دانائی اور روشنی بکھیرتے تھے۔

اقرا خالد نے مسی ساگا—ایرن ملز کے عوام کی جانب سے مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیفن بِس کی خدمت، ہمدردی اور انسان دوستی پر مبنی وراثت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اسٹیفن رائن بِس 24 جنوری 1953 کو پیدا ہوئے اور 20 جنوری 2026 کو اچانک انتقال کر گئے تھے۔